مقبوضہ کشمیر: حریت قیادت کیخلاف کریک ڈائون جاری‘ متعدد گرفتار‘ انتخابی ڈرامے کیخلاف کل مکمل ہڑتال کی جائیگی
سری نگر (اے این این+کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین کے خلاف کریک ڈائون جاری، متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ وزیر اعلی عمرعبداللہ کی آمد پر ترال میں مکمل ہڑتال، حریت چیئرمین علی گیلانی نے بھارتی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کل ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے حریت قائدین کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے لبریشن فرنٹ کے زونل چیف آرگنائزر بشیر احمد کشمیری کو چھاپے کے دوران گرفتار جبکہ تحریک حریت کے سیکرٹری ضلع بانڈی پورہ سلمان یوسف کو گرفتار کرکے تھانے میں بند کردیاگیا ۔ دو طالب علموں کو بھی گرفتار کرکے لے جایا گیا۔پیپلز لیگ چیئرمین مختار احمد وازہ کو پولیس نے ایک بار پھر اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے تھانہ شیرباغ میں بند کیا۔ دوسری جانب بارہمولہ میں جھڑپ کے دوران جاں بحق ہونے والے مجاہد شبیر احمدشیخ کی پہلی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی اور مظاہرے ہوئے پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسو گیس کے گولے بھی برسائے ۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر اور وزیر اعلی عمر عبداللہ کی ترال آمد پرقصبہ میں سخت ترین سکیورٹی تھی جس کی وجہ سے قصبے کے کئی علاقوں میں کرفیو جیسی صورتحال نظر آئی۔ ترال میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی بہت کم تھی۔ دریں اثنا برین میں پی ڈی پی کی ایک ریلی پر پتھراؤ کیا گیا جب سرینگر پارلیمانی نشست کیلئے پی ڈی پی امیدوار طارق حمید قرہ دارا ہارون میں ایک جلسہ کررہے تھے دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس (گ ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نام نہاد بھارتی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے 21 اپریل کو ریاست میں مکمل ہڑتال، 24، 30 اپریل اور 7 مئی کو متعلقہ انتخابی حلقوںمیں پولنگ ایام کے دوران سول کرفیو کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ پولنگ سے ایک روز قبل شام کو احتجاجی مظاہرے کئے جائیں ۔ سری نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی گیلانی نے کہاکہ انتخابی ڈرامے کو رچا کر بھارت یہاں کے عوام کے ووٹ کا استحصال کرتا آیا ہے اور اب بھی اس کا مقصد یہی ہے ۔ ساڑھے سات لاکھ افواج اور دیگر نیم فوجی فورسز اور پولیس کی موجودگی میں، جموں کشمیر میں منعقد کئے جارہے انتخابی ڈرامے کی کوئی اعتباریت نہیں ہے۔ حریت (گ) چیئرمین نے کہا کہ فوج کہیں رقومات فراہم کرکے اور کہیں ڈرادھمکا کر الیکشن ڈرامے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتی ہے۔ علی گیلانی نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی سے مسئلہ کشمیر کے حل کی توقع رکھنا درست نہ ہوگا ٗ بھارت نواز جماعتیں نریندر مودی کی مداح سرائی کرنا چھوڑ دیں مہنگی پڑے گی۔ متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ 7لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میںانتخابات کا ڈرامہ رچانا محض ڈھونگ ہے ٗبھارت نواز سیاسی تنظیمیں بغیر کسی تفریق کے دہلی کے آقائوں کے اشاروں پر عوامی مفاد کو بلڈوز کررہی ہیں ۔