لاڑکانہ: قیدیوں کا سپرنٹنڈنٹ کے رویے کیخلاف ہنگامہ‘ 3 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا
لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) سنٹرل جیل لاڑکانہ میں قیدیوں نے سپرنٹنڈنٹ کے ناروا سلوک کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ انہوں نے 3 جیل اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اور بیرکوں کی چھت پر چڑھ گئے اور اپنے ساتھ 4 پبلک کال بوتھ بھی اکھاڑ کر لے گئے۔ اطلاع پر جیل انتظامیہ نے قیدیوں سے مذاکرات شروع کرکے حالات پر قابو پانے کیلئے کارروائی کی۔ بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ جیل مقصود احمد کی یقین دہانی پر 6 گھنٹے بعد قیدیوں نے احتجاج ختم کردیا اور بیرکوں میں واپس چلے گئے۔ قیدیوں کے ہنگامے کی اطلاع پر جیل کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری متعین رہی۔