’’ اخوان المسلمون سے وابستہ افراد کو بیدخل کردینگے‘‘، قطر نے ’ ’اعلان ریاض‘‘ تسلیم کرلیا
دوحہ(آن لائن ) قطر نے خلیج تعاون کونسل 'جی سی سی' کے سعودی عرب میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کی شرائط اور نکات سے اتفاق کر لیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق دوحہ نے 'اعلان ریاض' کی شرائط تسلیم کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی دوسرے خلیجی ملک کے کسی اپوزیشن رہنما یا سیاسی مخالف کو پناہ نہیں دے گا۔قطر نے اپنی سر زمین پرموجود اخوان المسلمون سے وابستہ افراد کی بیدخلی، خلیج تعاون کونسل کے رکن ملک کے کسی اپوزیشن رہنما کی مدد نہ کرنے اور پڑوسی ملکوں کے خلاف میڈیا پروپیگنڈہ ختم کرنے بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق خلیجی وزرائے خارجہ نے 'اعلان ریاض' کے عملی نفاذ کے لیے دو ہفتوں کے اندر اندر دوبارہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اس کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔