• news

احتساب کمشن جلد کام شروع کرے گا گندی مچھلیوں کا سخت محاسبہ ہو گا: پرویز خٹک

پشاور (این این آئی) خیبرپی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے عوام کو یقین دلایا ہے کرپشن میں ملوث تمام گندی مچھلیوں کا سخت محاسبہ ہوگا کیونکہ اب اسکا وقت آگیا ہے احتساب کمشن چند ہفتوں میں باضابطہ کام شروع کردیگا اسے کرپشن کے تمام جمع شدہ کیس ثبوت سمیت حوالے کئے جائیں گے جو مختصر مدت میں نمٹالئے جائینگے یہ ادارہ نہ صرف بدعنوانی کے مرتکب افراد کو عبرتناک سزائیں دیگا بلکہ غبن شدہ رقوم بھی ان سے واگزار کرائیگا، یہ کمیشن اتنا آزاد و بااختیار ہے کہ اعلیٰ حکام، وزیر اور مشیر سے لیکر مجھے بھی پکڑنے اور سزا دینے کا مجاز ہے اور اسکی بدولت قومی خزانہ لوٹنے والے وہ نام نہاد عوامی غمخوار قانون کے شکنجے میں آکر لوٹی گئی پائی پائی واپس کردینگے جو عوامی خدمت کے بلند بانگ دعوے کرتے نہیں تھکتے تھے ترقیاتی عمل میں تاخیر سے متعلق انہوں نے کہا عوام نے بڑا صبر کیا جس کا پھل اب انہیں ملنے والا ہے ترقیاتی سکیمیں تاخیر سے شروع ہو رہی ہیں مگر بہت تیزی کے ساتھ مکمل ہوں گی ہم پر پرانے نظام کے تحت ترقیاتی کام جاری رکھنے کیلئے دبائو تھا مگر ہم اربوں کھربوں روپے ضائع نہیں کرنے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکایات سیل میں شکایات سننے اور سوالات کی وضاحت کرتے ہوئے کیا۔ لوگوں نے  مثبت تبدیلیاں لانے پر پی ٹی آئی حکومت، عمران خان اور پرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی کامیابی اور درازئی عمر کی دعائیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہم غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی بجائے اخراجات مزید کم کرینگے، اگلا بجٹ ٹیکس فری، فاضل اور فلاحی ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن