• news

سیالکوٹ : ورکنگ بائونڈری پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ‘ چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کاروائی

سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارتی سیکورٹی فورسز نے جنگ بندی معاہدے کی پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے بجوات سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی، چناب رینجرز کی جوابی کارروائی پر بھارتی فائرنگ بند ہو گئی۔ گزشتہ روز دوپہر دو بجے کے قریب بجوات سیکٹر کے الیاس شہید پوسٹ اور موضع نکوال پر بی ایس ایف نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، یہ سلسلہ ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔ جواب میں چناب رینجرز نے بھرپور جوابی فائرنگ کی جس سے بھارتی فائرنگ کا سلسلہ رک گیا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے سرحدی علاقے کے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔ پنجاب رینجرز کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔ اس واقعہ میں دونوں جانب سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ واضح رہے گزشتہ سال کے آخر میں بھارتی فوج کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں کے واقعات آئے روز پیش آتے رہے ہیں جس کے باعث سرحد پر کشیدگی پیدا ہو گئی تھی گزشتہ چند ماہ سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر امن تھا۔

ای پیپر-دی نیشن