• news

تین رکنی میڈیکل ٹیم کا مشرف کو جلد انجیو گرافی کرانے کا مشورہ پی این ایس شفا کے ڈاکٹروں نے گھر جا کر چیک اپ کیا

کراچی (این این آئی) سابق صدر پرویز مشرف کے علاج کے لیے تشکیل دی گئی تین رکنی میڈیکل ٹیم نے انجیوگرافی جلد کرانے کا مشورہ دیا ہے، مزید ٹیسٹ کے لیے پی این ایس شفا میں انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ سابق صدر پرویز مشرف کے علاج کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پی این ایس شفاء کے ڈاکٹروں کی ٹیم نے انکے گھر پر جاکر چیک اپ کیا  اور ٹیسٹ کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق ٹیم میں تین ڈاکٹر شامل تھے۔ انہوں نے انکے ٹیسٹ کے بارے میں بتایا پرویز مشرف کی انجیوگرافی کی جائے گی۔ انکو کمر کی تکلیف بھی بتائی جاتی ہے۔ پی این ایس شفاء میں انکے لئے مخصوص وارڈ قائم کیا گیا ہے جہاں انکے لیے ٹیم کے ڈاکٹروں کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی تاہم ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا کہ وہ ہسپتال میں کب تک رہیں گے۔  ہسپتال میں سابق صدر پرویزمشرف کی ریڑھ کی ہڈی کے ٹیسٹ کیلئے خصوصی انتظامات کر لئے گئے ہیں اور سپیشل وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں سابق صدر کو پی این ایس شفاء لائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پرویزمشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے ان کے وکلاء کا سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا امکان ہے۔پرویز مشرف نے ڈیفنس سوسائٹی کی رہائش گاہ پر خاندان کے ساتھ وقت گزارا۔

ای پیپر-دی نیشن