مسیحی برادری نے ایسٹر منایاگرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقاریب
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری نے ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منایا۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ گرجاگھروں کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔ آنے والوں کی چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹ لگائے گئے تھے۔ ایسٹر پر مسیحی خاندانوں نے خصوصی کھانوں کا اہتمام کیا اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے رہے۔ اتوار کو چھٹی اور ایسٹر کی وجہ سے پارکوں اور تفریحی مقامات پر غیرمعمولی رش رہا۔ صوبائی دارالحکومت میں ایسٹر کی خصوصی عبادات کیتھڈرل چرچ اور پرسیبٹیرین چرچ کے علاوہ دیگر گرجاگھروں میں ہوئیں۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 6 ہزار سے زائد مسیحی ملازمین نے دیگر مسیحی برادری کے ہمراہ ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا۔ اس موقع پر کمپنی نے شہر میں 300 سے زائد مسیحی عبادت گاہوں اور 56 رہائشی آبادیوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے۔ تمام بڑے چرچوں اور ملحقہ راستوں کی دھلائی کی گئی اور کچے راستوں پر پانی کا چھڑکائو کر کے چونا لگایا گیا۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد دینے کے لیے سیکریڈ ہارٹ، کیتھڈرل، سالویشن آرمی، ڈون باسکو، نولکھا اور دیگر بڑے چرچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور کیمپ لگائے گئے۔ علاوہ ازیں سابق بشپ پاکستان الیگزنڈر جان ملک، بشپ لاہور عرفان ملک، ریورینڈ شاہد معراج، ریورینڈ ایمینو ئل، ریورینڈ مجید ایبل، فادر جوزف شہزاد اور بشپ سبیسچئن کو پھول اور مٹھائی پیش کی گئی۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے مسیحی ملازمین کو خاندان کے ہمراہ ریس کورس پارک ، گلشن راوی پارک میں داخلے اور تفریح کی مفت جبکہ لاہور چڑیا گھر میں بھی رعایتی ٹکٹ پر داخلے کی سہولت فراہم کی گئی۔