خیبر پی کے میں 350 چھوٹے ڈیم بنائیں گے‘ پورے ملک کو بجلی فراہم کر سکتے ہیں : عمران
سوات (ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پی کے میں 350 چھوٹے ڈیم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک کو بجلی فراہم کر سکتے ہیں۔ یہ منصوبے پورے ہونے کے بعد صوبے میں بجلی انتہائی سستی ہو گی جبکہ لوڈشیڈنگ نام کی کوئی چیز نہیں ہو گی۔ وفاق کو بجلی فراہم کرینگے، صوبے میں آزاد اور خودمختار احتساب کمیشن کے قیام کے بعد ہر کسی کا احتساب ہو گا، کوئی وزیر، ایم پی اے، ایم این اے یا کرپٹ افسر احتساب سے بچ نہیں سکے گا، میں خود ایماندار ہوں کسی کو بے ایمانی نہیں کرنے دونگا۔ پانچ سال میں خیبر پی کے کو ماڈل صوبہ بنائیں گے، اس صوبے اور دیگر صوبوں کے درمیان واضح فرق نظر آئیگا۔ خوازہ خیلہ، سوات میں پی کے86کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پی کے پورے ملک کو بجلی بھیج سکتا ہے تاہم سابقہ حکومتوں نے چھوٹے ڈیم بنانے پر پیسہ خرچ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کالام میں جس چھوٹے ڈیم پر کام جاری ہے اس کی بدولت پورے کالام کو سستی بجلی فراہم ہو گی اور لوڈشیڈنگ بھی نہیں ہو گی۔ سوات کی سڑکیں تباہ حال ہیں، سڑکوں کی ذمہ داری وفاقی ادارے این ایچ اے کی ہوتی ہے۔ این ایچ اے حکام سے بات کرینگے اگر انہوں نے سڑکیں نہ بنائیں تو صوبائی حکومت کالام تک سڑک کو بنائے گی۔ ہمیں پتہ ہے کہ سوات میں جنگ کے دور میں آئی ڈی پیز کیلئے بڑی امداد آئی لیکن وہ پیسہ عوام تک نہیں پہنچا اس کا صحیح استعمال نہیں ہوا۔ اس پیسے کا حساب متعلقہ عناصر سے ضرور لیا جائیگا۔ آج میری پارٹی خیبر پی کے میں اقتدار میں ہے لیکن کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں نے عوام کے ٹیکس کا ایک روپیہ خرچ کیا ہو یا کسی کی سفارش کی ہو، نہ ہی میں نے کوئی فیکٹری لگائی ہے۔ خیبر پی کے میں پولیس نظام کو ملک بھر سے بہتر بنا دیا اور مزید بہتری لا رہے ہیں۔ یہاں کی پولیس غیر سیاسی ہے اگر کراچی کی پولیس غیر سیاسی ہوتی تو وہاں کے حالات اتنے برے نہ ہوتے۔ خیبر پی کے میں ایک جیسا نصاب تعلیم لا رہے ہیں تاکہ غریب اور امیر کے بچے میں فرق ختم ہو، صوبے میں تعلیمی انقلاب لا کر رہیں گے۔ پنجاب فیسٹیول کی طرح اربوں روپے ضائع کرنے کی بجائے پورے صوبے کی ہر تحصیل اور بعد میں ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے میدان بنائیں گے۔ میں ایک تیز بولر رہا اور کام میں بھی تیزی چاہتا ہوں، مانتا ہوں کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے جو رفتار مجھے چاہئے وہ نہیں ہے لیکن پانچ سالوں میں صوبے کا نقشہ بدل کر رکھ دینگے۔ انہوں نے سوات کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضمنی انتخاب میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ یہ مفادات کی نہیں بلکہ نظریات کی جنگ ہے۔ ڈاکٹر حیدر علی کو پوری تفتیش کے بعد پارٹی میں شامل کیا ہے جب ہم اس بات پر مکمل مطمئن ہو گئے کہ وہ ہماری جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے ڈاکٹر حیدر علی کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آزمائے ہوئوں کو دوبارہ آزمانا سنگین غلطی ہے، عوام تحریک انصاف کے امیدوار کو کامیاب بنا کر صوبے کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔