وزیراعظم آج گدو تھرمل پاور منصوبے کا افتتاح کریں گے‘29 اپریل سے یکم مئی تک برطانیہ جائیں گے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف آج گدو بیراج کا دورہ کریں گے اور گدو میں 486 میگاواٹ کے بجلی کے دو منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ 243 میگاواٹ کا ایک اور منصوبہ اگلے ماہ مکمل ہوگا۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق گدو سے بجلی کی پیداوار ایک ہزار 655 سے بڑھ کر دو ہزار 402 میگاواٹ ہو جائے گی۔ منصوبے مقررہ مدت سے 6 ہفتے قبل مکمل کر لئے گئے ہیں جس سے 58 ارب 60 کروڑ روپے کا فائدہ ہوگا۔ تھرمل پاور منصوبے چین کے تعاون سے مکمل ہوئے۔دریں اثنا وزیراعظم نواز شریف 29 اپریل سے یکم مئی تک برطانیہ کا سرکاری دورہ کریں گے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا ہے کہ اس دورے کی دعوت انہیں برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے دی تھی۔ دورے میں پاکستان برطانیہ میں تجارت کا حجم بڑھانے‘ برطانوی سرمایہ کار کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر بات چیت کریں گے۔ وزیراعظم برطانوی ہم منصب کو دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے طالبان سے مذاکرات سمیت دوسرے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔