• news

شوکاز نوٹس کے باوجود پی آئی اے ملازم کو امریکہ کے 5 مفت ٹکٹ جاری

لاہور (خبر نگار) پی آئی اے انتظامیہ نے جعلی ڈگری پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد ایئر لیگ لاہور کے صدر احمد سلیم بٹ اور انکے اہل خانہ کو امریکہ کے سفر کیلئے 5 ٹکٹ کسی ادائیگی کے بغیر جاری کردیئے۔ احمد بٹ کو 9 اپریل کو پی آئی اے کے جنرل منیجر عامر بشیر نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا کہ انکی بی اے کی ڈگری جعلی پائی گئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی اس کی تصدیق کی۔ شوکاز نوٹس جاری ہونے کے بعد پی آئی اے رولز کے مطابق ملازم کو سٹیشن چھوڑنے کی اجازت ہے نہ ہی اسے اس وقت تک مفت ٹکٹ کی سہولت مل سکتی ہے جب تک کیس کا فیصلہ نہ ہوجائے، مگر طاقتور اور بااثر احمد سلیم بٹ کو پی آئی اے کے اعلیٰ افسر نے لاہور سے نیویارک اور واپس لاہور کی فیملی سمیت 5 مفت ٹکٹ اور چھٹی دے دی۔ احمد سلیم بٹ کو ٹکٹ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے اسسٹنٹ منیجر ظہیر الدین سے منظوری ملنے کے بعد اسسٹنٹ منیجر علی اصغر زیدی کے دستخطوں سے جاری کیا گیا ہے۔ احمد بٹ اور انکے اہل خانہ کل امریکہ روانہ ہوجائیں گے۔ پی آئی اے ذرائع کے مطابق پی آئی اے لاہور کے ایک اور ملازم جو ٹی پی ایس ڈیپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں، کو شوکاز نوٹس جاری ہوا تھا۔ اسے والد کی موت پر کراچی جانے کیلئے ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن