فرقہ واریت سے چھٹکارے کے لئے حکومت کا مشترکہ پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) فرقہ واریت سے چھٹکارے اور بین المسالک ہم آہنگی کیلئے وفاقی حکومت نے مشترکہ پلیٹ فارم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اس کا چیئرمین غیر جانبدار شخص ہو گا جو مذہبی حلقوں میں اپنا اثرورسوخ بھی رکھتا ہو، متفقہ پلیٹ فارم کیلئے وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبوں میں مسالک کے اتحاد کیلئے پروگرام ہوئے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے بین المسالک ہم آہنگی اور ملک میں بھائی چار ے کی فضا کی بہتری کیلئے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سب سے پہلے مختلف مسالک کے علمائے کرام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھاکیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق اس معاملے کا ٹاسک وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کو سونپا گیا جس نے اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں مختلف مسالک میں ہم آہنگی کیلئے پروگراموں کا انعقاد کیا اس سے حاصل ہونے والے نتائج پر ایک رپورٹ مرتب کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور ملی یکجہتی کونسل کے متفقہ اعلامیوں پر بھی غور کررہی ہے اس سے بھی استفادہ کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف مختلف مسالک کے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کرچکے ہیں، اگلے مرحلے میں سردار محمد یوسف کی مذہبی تنظیموں کے سربراہوں سے بھی ملاقات کا امکان ہے جن سے مشاورت کے بعد کونسل کا قیام عمل میں لائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کونسل کا چیئرمین تمام مسالک کو قابل قبول ہوگا اور مذہبی حلقوں میں اپنا اثرو رسوخ بھی رکھتا ہوگا۔