• news

میلسی ، کنویں کی زہریلی گیس سے 3 ٹی ایم اے اہلکاروں سمیت 6 جاں بحق ، مشتعل افراد کی توڑ پھوڑ، ڈاکٹر کی کوٹھی نذرآتش

لاہور+ میلسی (نامہ نگار+ خبرنگار) سیوریج کے کنوئیں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے ٹی ایم اے میلسی کے تین ملازمین سمیت 6 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ ایک نوجوان معجزانہ طور پر بچ گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ نواحی قصبہ جلہ جیم میں ڈسپوزل کے پانی کا نکاس نہیں ہو رہا تھا۔ ٹی ایم اے جلہ جیم کے ہیڈ کلرک حاجی نصیر اپنے دیگر اہلکاروں طاہر متین اور رائو اکرام کے ہمراہ ڈسپوزل  کنوئیں کی صفائی کے لئے وہاں پہنچے تو اس دوران ہیڈ کلرک حاجی نصیر چیک کرنے کے لئے کنویں کے اندر اترا اور واپس نہ آیا تو دیگر عملہ کو تشویش ہوئی جس پر طاہر متین اور رائو اکرام بھی کنویں میں اتر گئے کنویں میں زہریلی گیس ہونے کی وجہ سے وہ بے ہوش ہو گئے۔ شہری فیاض، شاہ نواز، اقبال اور اسلم بھی انہیں بچانے کے لئے کنویں میں اتر گئے جس کی وجہ سے انکا بھی دم گھٹ گیا۔ اطلاع  ملتے ہی سینکڑوں افراد اور ریسکیو کا عملہ بھی وہاں پہنچ گیا اور سب بے ہوش افراد کو باہر نکالا۔ ہیڈکلرک حاجی نصیر، طاہر متین، رائو اکرام، حسن، شاہ نواز، اقبال اور اسلم کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میلسی پہنچایا گیا  جہاں وہ جان کی بازی ہار گئے جبکہ اسلم معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ اطلاع ملتے ہی جلہ جیم اور میلسی کی فضا سوگوار ہو گئی۔ جلہ جیم میں ہلاکتوں کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور ہزاروں افراد نے روڈ بلاک کرکے احتجاج شروع کردیا۔ ڈاکٹر فاضل کی کوٹھی کو مشتعل مظاہرین نے آگ لگا دی۔ انچارج جلہ جیم ہسپتال ڈاکٹر عطا ظفر کی گاڑی پر لاٹھیوں کی برسات کرکے گاڑی تباہ کردی اور ان پر تشدد کر کے کپڑے پھاڑ دئیے۔ اطلاع پر ڈی سی او جواد اکرم شیخ اور ڈی پی او وہاڑی سردار صادق علی ڈوگر بھاری پولس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج آنسو گیس کا استعمال کیا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ ڈی سی او وہاڑی نے ڈاکٹر فاضل اور ایمبولینس ڈرائیور منظور کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دے دیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز  شریف نے وہاڑی کے نواحی علاقے میلسی میں کنویں کی صفائی کے دوران 6  افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی او وہاڑی سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے اس سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق ہونیوالے افراد کے ورثاء کے لئے 5  لاکھ روپے فی کس امداد کا بھی اعلان کیا۔ رات گئے 6 افراد کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن