• news

لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے،6 گاڑیاں،11 موٹر سائیکل چوری، گوجرانوالہ (ق)لیگ خواتین ونگ کی ضلعی رہنما کے گھر ڈاکہ

لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ چور 6 گاڑیاں اور 11 موٹر سائیکل لے گئے، گوجرانوالہ میں ڈاکوئوں نے (ق) لیگ شعبہ خواتین ونگ کی ضلعی صدر کے گھر سے 50 تولے زیورات اور 7 لاکھ روپے کی نقدی اور سامان لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوئوں نے لیاقت آباد کے علاقہ میں ذیشان کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 12 لاکھ، کاہنہ میں علی اکبر کے گھر سے 10 لاکھ، جوہر ٹائون میں ارشد کے گھر سے 8 لاکھ، نصیر آباد میں ماجد حاکم کے گھر سے 7 لاکھ، فیصل ٹائون میں اعجاز کے گھر سے 6 لاکھ، گرین ٹائون میں کامران کے گھر سے 5 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے مصطفی ٹائون میں صفدر سے ڈھائی لاکھ روپے اور تین موبائل فون، نواب ٹائون میں عائشہ سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی، چوہنگ میں حارث سے 2 لاکھ 30 ہزار روپے اور دو موبائل فون، کوٹ لکھپت میں ڈاکٹر صغیر کے کلینک میں گھس کر مریضوں اور ڈاکٹر سے سوا لاکھ کی نقدی اور طلائی زیورات، ستوکتلہ میں ملک محبوب سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون، اچھرہ میں نذیر سے ایک لاکھ اور موبائل فون، اقبال ٹائون میں ڈاکٹر عمران کے کلینک میں گھس کر مریضوں سے ایک لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات، گلشن راوی میں ابو احمد سعید سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، جنوبی چھائونی میں سجاد سے 35 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے گارڈن ٹائون سے ڈاکٹر ساجد، مغلپورہ سے منیر، اقبال ٹائون سے صابر، فیصل ٹائون سے ملک اعظم، گلبرگ سے عمران بٹ کی کاریں، شادمان سے صابر کا کیری ڈبہ جبکہ شالیمار سے نوید الرحمان، شادباغ سے سمیع اللہ، شاہدرہ سے آفتاب، اسلام پورہ سے جہانگیر، موچی گیٹ سے جلال الدین، چوہنگ سے ریاست، فیکٹری ایریا سے عبداللہ، ٹائون شپ سے اصغر، اقبال ٹائون سے گلفام، ساندہ سے واجد علی، پرانی انارکلی سے وقاص کی موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔ ادھر گوجرانوالہ کے علاقہ ڈبلیو بلاک میں ق لیگ کی شعبہ خواتین ونگ کی ضلعی صدر زبیدہ احسان کے گھر دن دیہاڑے 7 ڈاکو زبردستی گھس آئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا، موبائل فون چھین کر ایک کمرے میں بند کردیا اور تلاشی کے دوران سیف میں پڑے 50 تولے طلائی زیورات 7 لاکھ روپے نقدی، قیمتی گھڑیاں اور سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ای پیپر-دی نیشن