• news

ڈرون حملے بند‘ ڈالر کنٹرول میں ہے‘ لوڈشیڈنگ بھی جلد ختم ہو جائیگی: رانا تنویر

مریدکے (نامہ نگار)  وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر  حسین نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت مل کر ہی دہشت گردی سے نمٹ رہے ہیں۔ فوج ایک باوقار  ادارہ ہے جس کا حکومت اور پوری قوم احترام کرتی ہے۔ مشرف کیس میں عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ ہوگا ہمیں قبول ہوگا۔ طالبان سے مذاکرات قوم  کی دعائوں سے کامیاب ہونگے۔ وزیراعظم ڈائیلاگ سے خون بہائے بغیر مسئلہ کا حل چاہتے ہیں۔ ناراض بلوچوں سے بھی جلد رابطہ کرکے انہیں راضی کر لیں گے۔ بیرونی قوتیں امن میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں لیکن انہیں ناکامی ہوگی۔ فوج بھی جمہوریت  کی حامی ہے اور مضبوط جمہوریت ہی مضبوط معاشی استحکام کی ضامن ہے۔ خدا کا شکر ہے کہ ڈرون حملے بند  ہیں اور ڈالر کنٹرول میں ہے۔ ملک سے دہشت گردی اور  لوڈشیڈنگ بھی  جلد ختم ہو جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز  کھلی کچہری  اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا حکومت وسائل رکھنے کے باوجود  طاقت استعمال سے گریز کر رہی ہے کیونکہ ہم قوم کو امن کی طرف لا رہے ہیں اور حکومت ایک ہی صفحہ پر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن