• news

ماضی کی غلط پالیسیوں سے قانون کی حکمرانی کمزور، مسلح گروپ طاقتور ہوئے: پرویز رشید

کراچی+ اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں قانون کی حکمرانی کمزور ہوئی اور مسلح گروہ طاقتور ہوئے، ہر شخص اپنا ایجنڈا بندوق کے ذریعے نافذ کرنا چاہتا ہے۔ حامد میر پر حملہ کراچی میں ہوا سندھ حکومت سے پوچھا جائے ابھی تک واقعہ کی ایف آئی آر کیوں درج نہیں ہوئی قانونی طور پر صوبے کو اب تک ایف آئی آر درج کرانی چاہئے تھی۔ حامد میر پر حملہ میں جو بھی ملوث ہو گا وہ آزاد میڈیا، آزاد عدلیہ اور جمہوریت کا دشمن ہو گا۔ حامد میر کی عیادت کرنے کے بعد میڈیا اور ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں پرویز رشید نے کہا کہ دلیل سے بات نہیں سنی جاتی، ماضی کی پالیسیوں کے نتیجہ میں جمہوری کلچر کو ہم نے خود ختم کیا، جمہوریت کو کمزور کیا۔ جمہوریت کو ختم کیا۔ جمہوریت برداشت سکھاتی ہے ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنے اور مکالمہ کرنے کے کلچر کو فروغ دیتی ہے۔ اس ماحول سے نکالنے کے لئے پاکستان کے مزاج کو تبدیل کرنے کے لئے ہم سب کو کوشش کرنی ہے، مجھے بھی کرنی ہے، میڈیا کو بھی کرنی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن