پاکستان اور چین کی بری : متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ بحری مشقیں
راولپنڈی (آئی این پی+ اے پی پی) پاکستان چین کی فوجی مشق ’’پیس اینجل 2014ئ‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے‘ دو ہفتے تک جاری رہنے والی مشقوں میں دونوں ممالک کی افواج قدرتی آفات کے دوران میڈیکل کی سہولیات اور دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ مشقیں کریں گی۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان میڈیکل اور قدرتی آفات کے دوران دہشت گردوں سے نمٹنے کیلئے دو ہفتے تک جاری رہنے والی مشترکہ ’’پیس اینجل 2014ئ‘‘ نامی تربیتی مشقوں کا آغاز ہوگیا۔ اعلامیہ کے مطابق مشقوں کا آغاز ایک تقریب سے ہوا جس میں پاک فوج کی جانب سے میجر جنرل ہمایوں عزیز اور پیپلز لبریشن چین کی جانب سے سینئر کرنل لیو ایگیو نے شرکت کی۔ مشترکہ مشقوں کے دوران دونوں ممالک کی افواج میڈیکل کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ معلومات اور تجربات کا تبادلہ خیال کریں گی، تجرباتی بنیادوں پر مشقیں بھی کی جائیں گی۔ مشقوں میں قدرتی آفات بالخصوص سیلاب کے دوران طبی سہولیات دینے اور دہشت گردوں کے حملوں سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی اور طریقہ کار کا تبادلہ بھی ہوگا۔ میڈیکل کے شعبوں میں متعارف ہونے والی جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کا تبادلہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان شروع ہونے والی یہ مشقیں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور افواج کے تعلقات میں مزید مضبوطی کا باعث بنیں گی۔ دریں اثناء پاک بحریہ اور متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کی 7 روزہ مشترکہ مشقیں بھی شروع ہوگئیں،7 روزہ مشقیں 26 اپریل تک جاری رہینگی، پاک بحریہ کی جانب سے مشترکہ مشقوں میں بحری جہاز پی این ایس خیبر، پی این ایس بابر، پی این ایس قوت، پی این ایس عظمت اور ایک ہیلی کاپٹر حصہ لیںگے۔ متحدہ عرب امارات کی ابوظہبی کلاس اور بینونہ کلاس کے جہازوں کے ساتھ ساتھ میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ اور سپیشل آپریٹنگ فورسز بھی حصہ لیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے دو بحری جہاز پہنچنے پر پاک بحریہ کے دو جہازوں پی این ایس قوت اور جرات نے کھلے سمندر میں متحدہ عرب امارات کے جہازوں کا استقبال کیا ۔ پاک بحریہ نے اپنے اعلامیہ میں بتایا ہے کہ سمندر اور ساحلوں کی محافظ پاک بحریہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لئے ہمہ وقت کوشاں اور تیار ہے اور ان پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مہارت اور ان میں مزید بہتری پیدا کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ خطے میں عالمی سطح پر امن قائم کرنے کی کوششوں کے لئے پاک بحریہ خطے کی بحری افواج کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں کا انعقاد کرتی رہتی ہے جن میں سعودی نیول فورسز کے ساتھ نسیم البحر اور عمان نیوی کے ساتھ تھامرا لطیب کی مشقیں قابل ذکر ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی بحری افواج کے مابین مشترکہ بحری مشقیں نسل البحر جو 20 سے 26 اپریل تک منعقد کی جا رہی ہیں۔