• news

قوم کو ریاستی اداروں کی حفاظت کیلئے نکلنا ہو گا: طاہر القادری

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ سیاست دوبارہ ریاست کو روندنے کی تیاریاں کر رہی ہے مگر قوم ایسا ہر گز نہیں ہونے دے گی، قوم کو ریاستی اداروں کی حفاظت کیلئے نکلنا ہو گا،  انقلاب قربانی مانگتا ہے، کچھ واقعات کا الزام ریاستی اداروں پر ڈال کر انہیں کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، ارادی طور پر ملک دشمنی کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، عوام ایسی سازشوں کا قلع قمع کر دیں، دہشت گردی کو تحفظ دینے کی ناپاک سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، بیرونی آقائوں کے اشارے پر دفاعی اداروں پر بداعتمادی کی جا رہی ہے، ریاست کے تحفظ کا آئندہ لائحہ عمل11مئی کو دونگا، آئین میں دئیے حقوق واپس لینے کیلئے  عوام11مئی کو تیاری کے ساتھ نکلیں، گھروں میں جلنے مرنے سے کچھ نہیں ملے گا، غاصبوں سے حق چھیننا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ملک کے پورے سیاسی نظام کو بدلیں گے اور عوام کو شریک اقتدار کیا جائے گا، جمہوری اصولوں کی بنیاد پر اس ملک کا نقشہ بدل دیں گے،کرپشن، لوٹ مار اور غریب دشمنی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ اشرافیہ کا نظام عوام کو کچھ بھی نہ دے گا، کچھ لوگ مردوں کا گوشت کھا رہے ہیں، غریب گردے بیچ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہے، غریب کی بھوک مٹانے کیلئے کوئی حکومتی پالیسی نہیں ہے، نوجوانوں کے روزگار کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن