• news

پارلیمنٹ میں گھس بیٹھئے آبیٹھے، آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں: فیصل عابدی

اسلام آباد (آئی این پی) پیپلزپارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ ضمیر پر بوجھ نہیں رکھ سکتا تھا، پارٹی نے استعفیٰ مانگا تو انکار نہیں کیا، سینٹ سے استعفیٰ دیا ہے عوام کے دلوں سے نہیں ہزاروں چاہنے والے میرے ساتھ ہیں جن کے حقوق کی جنگ لڑتا رہونگا۔ اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ سینٹ اپنے ایک رکن کو ڈیڑھ برس سے انصاف فراہم نہیں کرسکا تو عوام کو کیا انصاف فراہم کرے گا۔ سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار محمد چودھری  کے خلاف کئی برسوں سے عوامی جنگ بغیر کسی عہدے کے آئین و قانون کے مطابق لڑتے رہے۔ آئندہ بھی وائس آف مسنگ پرسنز کی تحریک میں رہ کر لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں گھس بیٹھئے آ بیٹھے ہیں جو کچھ بھی سننے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھاندلی اور عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والوں کی ہاں میں ہاں ملائی جائے تو ٹھیک ہے لیکن اگر مک و قوم کیلئے جان دینے والی افواج کی بات کی جائے تو اسے فوج کا ایجنٹ قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین پاکستان کی تذلیل اور دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی آقائوں کی خوشنودی کیلئے ملک بھر میں ’’الباکستان‘‘ اور ’’الحجاب‘‘ کی نمبر پلیٹیں عام کی جارہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن