• news

طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی سے دیرپا امن قائم ہوگا: مولانا لدھیانوی

ٹوبہ ٹیک سنگھ + جھنگ (نامہ نگاران) اہلسنّت و الجماعت پاکستان  کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ سنگین ملکی حالات کے دوران جو بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے اس کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا، پارلیمنٹ میں ملک کے اندر قیام امن، فرقہ واریت اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا غیر ملکی طاقتوں کے عزائم ناکام ہوں گے، طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی سے ملک کے اندر دیرپا امن قائم ہوگا، مذاکرات جب بھی نازک موڑ پر پہنچتے ہیں تو خفیہ طاقتیں کوئی نہ کوئی واقعہ رونما کروا دیتی ہیں، جو لوگ یہ باتیں کرتے ہیں کہ طالبان پاکستان کے آئین کو تسلیم نہیں کرتے، وہ سراسر غلط ہیں کیونکہ طالبان کی طرف سے مذاکرات کمیٹی کے اندر جو لوگ ہیں، ان کے دستخط 1973ء کے آئین پر موجود ہیں، ملک کی موجودہ سنگین صورتحال میں کوئی طبقہ بھی دہشت گردوں سے محفوظ نہیں ہے، گزشتہ روز کراچی میں صحافی حامد میر پر ہونے والے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ایم این اے 89 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ وہ قومی اسمبلی میں بطور ممبر حلف اٹھانے کے بعد ہی حکومتی یا اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کریں گے تاہم حلقہ این اے 89 کے ممبر قومی اسمبلی کے فنڈز کا استعمال ان کے زیر نگرانی اور سفارش پر ہی خرچ اور ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور حلقہ میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن