افغان صوبائی کونسل کا امیدوار چمن میں قتل‘ 11 افغان باشندے گرفتار
اسلام آباد‘ کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) نامعلوم مسلح افراد نے بلوچستان کے ضلع چمن میں افغانستان کے جنوبی صوبے کندھارا کے صوبائی کونسل کے امیدوار شاہ محمود جلالی کو قتل کر دیا۔ محمود جلالی علاج کیلئے بلوچستان آیا تھا۔ کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ادھر پنجگور میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت شعیب سلیم اور سلیمان بلوچ سے کی گئی۔ بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرخاب میں سکیورٹی فورسز نیایک گھر پر چھاپہ مارا۔ اس دوران فائرنگ کے بعد 2 ملزمان گرفتار اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں چمن پاک افغان بارڈ پر ایف آئی اے پولیس نے غیرقانونی طریقے سے بارڈر پار کرنے کے الزام میں گیارہ غیرملکی افغان باشندے گرفتار کر لئے۔ پنجگور میں گزشتہ شب ایف سی کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق سلیمان ولد فضل کریم کو ان کے آبائی علاقے چتکان اور شعیب کو ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔ علاوہ ازیں نصیرآباد کے علاقے میں ایک شخص دل مراد نے مبینہ سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کرکے اپنی بہن اور اس کے آشنا کو قتل کر دیا۔