سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نعیم خان او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل منتخب، صدر وزیراعظم کی مبارکباد
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان جدہ میں ہونے والے او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے عہدہ کے انتخاب میں کامیاب ہو گیا ہے۔ گزشتہ روز سعودی عرب میں جدہ میں او آئی سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان نے 18 میں سے 10 ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح پاکستان بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گیا ہے۔ پاکستان کے مقابلے میں افغانستان، انڈونیشیا اور ملائشیا کے امیدوار ناکام ہو گئے ہیں۔ پاکستان کو سعودی عرب سمیت اہم اسلامی ملکوں کی حمایت حاصل تھی۔ انتخاب کے بعد نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نعیم خان نے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل کے عہدہ کے لئے منتخب ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ او آئی سی کا اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل منتخب ہونا پاکستان کے لئے بڑا اعزاز ہے۔ پاکستان کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ نعیم خان نے بتایا کہ پاکستان اسلامی کانفرنس میں اپنامثالی کردار ادا کرے گا اور پاکستان کی کوشش ہو گی کہ او آئی سی کا اگلا اجلاس پاکستان میں منعقد کیا جائے۔ پاکستان اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کیلئے مزید مثالی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کو ووٹ دینے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ان کی توقعات پر پورا اترے گا۔اس سے قبل سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نعیم خان او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے عہدہ کیلئے انتخاب کے سلسلہ میں مشورہ کرنے کیلئے اسلام آباد میں موجود تھے اورایک روز قبل وہ سعودی عرب پہنچے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر ادارے پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسلامی ممالک کو درپیش چیلنجز جن میں میانمار، افغانستان، مقبوضہ کشمیر اور دیگر ممالک کے مسائل،امت مسلمہ کی خدمت کی مہم جاری رکھنے اور درپیش مسائل رکن ممالک کے تعاون سے حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ادھر نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین نے اپنے الگ الگ تہنیتی پیغامات میں پاکستانی سفیر نعیم خان کو اوآئی سی کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ نعیم خان کا اوآئی سی کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ امید ہے کہ نعیم خان اسلامی ممالک کی فلاح اورانہیں مزید قریب لانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی سفیر نعیم خان کا اوآئی سی کا سیکرٹری جنرل منتخب ہونا ہمارے لئے باعث فخرہے اورہمیں ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل نعیم خان سعودی عرب میں پاکستانیوں کی مشکلات کے حل کیلئے کوشاں رہے اورانہیں قانونی حیثیت دلا کر اپنے عہدے کا فرض نبھایا اسی طرح امید ہے وہ نئے عہدے کے حصول پرکامیابیاں سمیٹنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔