متحدہ کے رہنما مصطفی کمال کا استعفیٰ چیئرمین سینٹ نے منظور کرلیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ایم کیو ایم کے رہنما اور سابق ناظم کراچی مصطفی کمال نے سینٹ کی نشست سے استعفیٰ دیدیا جسے چیئرمین سینٹ نے منظور کرلیا۔ ذرائع کے مطابق مصطفی کمال نے 9 ماہ قبل اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو دیا تھا جسے گزشتہ روز منظوری کیلئے چیئرمین سینٹ کو بھجوایا گیا۔ مصطفی کمال گزشتہ کئی ماہ سے سینٹ سے غیر حاضر تھے اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی میں بھی غیر فعال ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے مصطفی کمال بدستور رابطہ کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ سینیٹر شپ سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ مصطفی کمال کی بڑے رئیل سٹیٹ گروپ سے وابستہ ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ مصطفی کمال کے استعفیٰ کے بعد سندھ سے سینٹ کی دو نشستیں خالی ہوگئیں، اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے فیصل رضا عابدی نے استعفیٰ دیا تھا جو منظور ہوچکا ہے۔ چیئرمین سینٹ نیئر حسین بخاری نے مصطفی کمال کو ٹیلیفون کرکے استعفے کی تصدیق کردی۔ مصطفی کمال نے مؤقف اختیار کیا ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دیا ہے۔