• news

پشاور: پولیس موبائل پر فائرنگ، تھانیدار،4 اہلکار، ایمبولینس ڈرائیور جاں بحق، کوئٹہ میں3 افراد گولیوں سے چھلنی

پشاور + کوئٹہ (نوائے و قت رپورٹ+ ایجنسیاں) پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں رات گئے نامعلوم افراد نے ایک پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس سے موبائل میں سوار تھانیدار سمیت 5 افراد جاں بحق، کئی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال لیجانے والی ایمبولینس پر حملہ آوروں نے پھر فائرنگ کر کے ایمبولینس ڈرائیور کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ علاقے کی پولیس موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ اسے حملہ آوروں نے نشانہ بنا ڈالا۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ادھر وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے پولیس موبائل پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ دریں اثناء کوئٹہ میں منیر مینگل روڈ پر نامعلوم افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے اس میں سوار تین افراد جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ایک راہگیر بھی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق افراد کی نعشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت میرا جان اور ممتاز کے نام سے ہوئی۔ ابتدائی طور پر واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔ دوسری طرف کوئٹہ کے نواحی علاقے اسپینی روڈ پر سائیکل میں نصب بم کا زور دار دھماکہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے سے ارد گرد کی دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن