کراچی میں 30 سال کا گند صاف کرنے میں کچھ وقت لگے گا: ڈی جی رینجرز
کراچی (آئی این پی) وزیراعظم محمد نواز شریف کو کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورتحال، جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری ٹارگٹڈ آپریشن اور دیگر امور پر ڈی جی رینجرز نے بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 30 سال کا گند ہے، اسے صاف کرتے ہوئے تھوڑا وقت لگے گا۔ یہ راتوں رات صاف نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم نے اس پر رینجرز اور پولیس کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور انہیں موثر بنانے کی ہدایت کی۔ اس دوران وزیراعظم نے آئی جی سندھ اقبال محمود کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اقبال صاحب! آپ تو کراچی میں کافی عرصہ تعینات رہے آپ یہاں کے بارے میں بہت کچھ جانتے ہیں، جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ آئی جی نے یقین دلایا کہ وہ شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کرینگے۔