بوسٹن میراتھن 31 سال بعد امریکہ نے جیت لی، خواتین ٹائٹل کینیا کے نام رہا
بوسٹن+لندن (رائٹرز+بی بی سی) امریکہ نے 31 سال بعد بوسٹن میراتھن جیت لی جبکہ خواتین ٹائٹل کینیا کی ایتھلیٹ نے جیت لیا۔ کیفلی زیگی 1983ء کے بعد میراتھن جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے جبکہ کینیا کی خاتون ایتھلیٹ جیتو 2006ء اور 2013ء میں بھی ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ قبل ازیں امریکی ریاست میساچوسٹس کے دارالحکومت بوسٹن میں ہزاروں کھلاڑیوں نے گذشتہ برس میراتھن ریس کی اختتامی لائن کے قریب ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بوسٹن میں پیر کو تقریباً 36 ہزار کھلاڑیوں نے ریس شروع ہونے سے پہلے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ واضح رہے کہ بوسٹن میں گذشتہ برس میراتھن ریس کی اختتامی لائن کے قریب ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے مںی تین افراد ہلاک اور 206 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔ میراتھن ریس کے موقع پر حکام نے سخت سکیورٹی کا انتظام کیا جس میں گراؤنڈ میں سفری تھیلوں اور دیگر بیگز لے جانے پر مکمل پابندی تھی ۔ بوسٹن پولیس نے لوہے کی آٹھ ہزار رکاوٹیں قائم کیں۔