آئندہ سال سہ فریقی ہاکی سیریز‘ بنگلہ دیش کی پاکستان‘ بھارت کو میزبانی کی پیشکش
میرپور(آن لائن) بنگلہ دیش نے آئندہ سال پاکستان اور بھارت کے ساتھ سہ فریقی ہاکی سیریز کی میزبانی کی پیشکش کی ۔ان دنوں پاکستان آئے ہوئے بنگلہ دیشی ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر آف کوچنگ سابق اولمپئن نوید عالم نے میڈیا بتایا کہ انہیں اپنی فیڈریشن کے سیکرٹری کیطرف سے کہا گیاکہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس سیریز کی باضابطہ دعوت دیں۔ اسی طرح بھارت کی ہاکی فیڈریشن سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔ نوید عالم نے کہا کہ بنگلہ دیشی ہاکی فیڈریشن چاہتی ہے کہ وہ نہ صرف ایشیا کی دو بڑی ٹیموں کے ساتھ سیریز کھیلے بلکہ ایشیا میں ہاکی کے فروغ کے لئے جو بھی ممکن ہوسکے اپنا کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کے تمام بڑے ڈیپارٹمنٹس کو بھی اپنی ٹیمیں بنگلہ دیش بھیجنے کی دعوت دے رہے ہیں۔