معین خان منیجر اور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم‘ ظہیر عباس چیئرمین پی سی بی کے مشیر مقرر‘ کوچز کے انتخاب کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی نے معین خان کو چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کا منیجر مقرر کر دیا۔ ظہیر عباس چیئرمین پی سی بی کے مشیر ہوں گے۔ پی سی بی نے کرکٹ کوچز کے انتخاب کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔ کمیٹی میں معین خان، انتخاب عالم اور ہارون رشید شامل ہیں۔ کمیٹی نام تجویز کرکے چیئرمین پی سی بی کو سفارشات پیش کرے گی۔ کمیٹی 5 مئی کو سفارشات پیش کرے گی۔ تین رکنی کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ کو موصول ہونے والی درخواستوں کی چھانٹی کر کے امیدواروں کو انٹرویو کے لئے بلائے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ، بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ، سپن باؤلنگ کنسلٹنٹ، کنڈیشنگ کوچ اور فزیوتھراپسٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لئے گذشتہ دنوں اشتہار جاری کیا تھا۔ درخواستیں جمع کرانے کے لئے 5 مئی کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ معین خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیف سلیکٹر اور منیجر کے عہدے پر مقرر کئے جانے کے بعد وقار یونس قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر کئے جانے کے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔