انٹر سروسز انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ : ملکی دفاع کے لئے آئی ایس آئی کی قربانیوں کو سراہتے ہیں: آرمی چیف
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملکی دفاع کیلئے آئی ایس آئی کے کردار اور قربانیوں کو سراہتے ہیں، ملکی دفاع میں آئی ایس آئی کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جنرل راحیل شریف نے گذشتہ روز آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی آمد پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے انکا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر انہیں ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے دفاع وطن کیلئے ادارے کے افسروں و جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ آرمی چیف بننے کے بعد جنرل راحیل شریف نے دوسری بار آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس دورہ کی خاص اہمیت ہے کیونکہ چند روز قبل ملک کے ایک معروف اینکر حامد میر پر قاتلانہ حملہ کے بعد میڈیا کے بعض حلقوں کی طرف سے آئی ایس آئی کو ہدف تنقید بنایا گیا تھا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مذکورہ قاتلانہ حملہ کی مکمل شفاف تحقیقات کی بات کی۔ عسکری حلقوں میں باور کیا جاتا ہے کہ آرمی چیف کے دورہ کی ایک وجہ آئی ایس آئی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور دوسری وجہ ادارے پر الزامات کی نوعیت کی جزئیات اور حقیقت کو سمجھنا ہے۔ ایک اور ذریعہ کے مطابق دورہ کے موقع پر انہیں ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے دوران شدت پسندوں کے ساتھ مذاکرات کے امکانات، شدت پسندوں کے رویہ، پاک افغان سرحدی علاقہ کی صورتحال اور فغانستان کی صورتحال کے پاکستان پر مرتب ہونیوالے اثرات کے علاوہ بلوچستان کے بارے میں موضوعات کا بھی احاطہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کوئی بھی محب وطن ادارے پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ اے پی اے کے مطابق بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آئی ایس آئی کے 200 افسر اور اہلکار شہید ہوئے۔ آئی ایس آئی پر الزامات پر تمام رینکس نے اظہار ناپسندیدگی کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بریفنگ میں کہا گیا کہ امریکی سی آئی اے قائم ہونے سے اب تک ان کی پچاس سے زائد اموات نہیں ہوئیں لیکن دہشت گردی کیخلاف جنگ میں آئی ایس آئی کے دو سو افسر اور جوان شہید ہوچکے ہیں۔ آئی ایس آئی کے دفاتر کو ٹارگٹ کیا گیا، ہمارے افسر اور جوان ملک کےلئے جانیں قربان کر رہے ہیں اس کے باوجود ہمارے اوپر ہی الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور استحکام کیلئے آئی ایس آئی کے افسر اور جوانوں نے اپنی قربانیوں سے نئی تاریخ رقم کی۔ عسکری حلقوں نے جنرل راحیل شریف کے موجودہ صورتحال میں انٹرسروسز، انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹرز کے دورے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔ ملاقات میں آئی ایس آئی کے اعلیٰ افسروں نے موجودہ صورتحال پر اپنے جذبات سے آرمی چیف کو کھل کر آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ادارے کے افسر اور جوانوں نے ملک کیلئے جو شاندار قربانیاں دی ہیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بعض حلقوں کی طرف سے گزشتہ چند روز سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کے درمیان شدید اختلافات کا تاثر دیا جا رہا تھا، آرمی چیف کے اس دورہ سے اس بارے میں منفی پراپیگنڈہ بھی دم توڑ گیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق آرمی چیف نے آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام سے ملاقات کی۔