تھری ، فورجی لائسنسوں کی نیلامی سے ایک ارب11 کروڑ سے زائد حاصل، بجٹ میں موبائل فون پر ٹیکس کم کریں گے: وزیر خزانہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) پی ٹی اے کے زیرانتظام تھری جی کے چار اور فور جی موبائل سروسز کے ایک لائسنس کی نیلامی کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ اس نیلامی سے حکومت کو ایک ارب 11 کروڑ ڈالر سے زیادہ رقم حاصل ہوئی ہے جبکہ فور جی کا ایک لائسنس نیلام نہیں ہوسکا۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق نیلامی میں چار کمپنیوں نے حصہ لیا اور ’زونگ‘ 10 میگا ہرٹز کے تھری جی اور 10 میگا ہرٹز کے ہی فور جی لائسنس حاصل کر کے سب سے کامیاب کمپنی رہی۔ موبی لنک نے تھری جی کے 10 میگا ہرٹز جبکہ ٹیلی نار اور یو فون نے 5، 5 میگا ہرٹز کے بلاکس کیلئے کامیاب بولی دی۔ تھری جی کے لائسنسوں کی نیلامی کے دوران پہلے سے چوتھے مرحلے تک کم از کم مقررہ قیمت میں ایک کروڑ 78 لاکھ 20 ہزار ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا لیکن جب پانچویں، چھٹے، ساتویں اور پھر آٹھویں مرحلے میں وہی قیمتیں برقرار رہیں تو نیلامی کے اختتام کا اعلان کردیا گیا۔ اس دوران تھری جی کے 5 اور 10 میگا ہرٹز کے چار بلاکس کیلئے کل 90 کروڑ 20 لاکھ 82 ہزار ڈالر کی بولی لگائی گئی۔ نیلامی کے دوران دس میگا ہرٹز کے بلاک اے اور ڈی میں کمپنیوں نے زیادہ دلچسپی دکھائی اور انہی کی بولی میں اضافہ ہوا جبکہ 5 میگا ہرٹز کے بلاک کم از کم مقررہ قیمت پر ہی فروخت ہوئے۔ حکومت نے ان لائسنسوں کی نیلامی سے ایک ارب 11 کروڑ 20 لاکھ 82 ہزار ڈالر حاصل کئے ہیں۔ پی ٹی اے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ فروخت نہ ہونے والا فور جی کا ایک لائسنس بھی جلد ہی نیلام کر دیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 110 ممالک میں فور جی موبائل سروس موجود ہے اور پاکستان نہیں چاہتا کہ اس معاملے میں پیچھے رہا جائے۔ نیلامی میں حصہ لینے والی پارٹیوں کو مخصوص کلر کوڈ جاری کئے گئے۔ تھری جی سپیکٹرم کے ایک لائسنس کی بنیادی قیمت 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جبکہ فوری جی سپیکٹرم کے ایک لائسنس کی بنیادی قیمت 21 کروڑ ڈالرز رکھی گئی ہے۔ یہ لائسنس 15 فیصد ادائیگی 30 جن اور بقایا ادائیگی 5 سال میں مساوی قسطوں میں کرنا ہوگی۔ لائسنس کی نیلامی کے لئے (ایس ایم آر اے) ’’سمرا‘‘ کا طریقہ اختیار کیا گیا جس کے تحت مختلف رائونڈز کے ذریعے سپیکٹرم کی مختلف لاٹس کے لئے بیک وقت بولیاں دی گئیں، بڈنگ کا یہ طریقہ امریکہ، سویڈن، ناروے، ہانگ کانگ اور کینیڈا میں ہونے والی حالیہ نیلامیوں میں اختیار کیا گیا تھا۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بجٹ میں موبائل فون پر عائد ٹیکسز میں کمی کی جائے گی، ملک کی معیشت مستحکم ہورہی ہے۔ تھری جی اور فور جی کی کامیاب نیلامی کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کردیاہے، انشاء اللہ پاکستان بہت جلد مضبوط معاشی طور پر مستحکم بن جائے گا۔ ملینیم ڈویلپمنٹ گول حاصل ہونگے، وفاقی حکومت ملک میں شرح خواندگی بڑھانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2010ء میں اس وقت کی حکومت نے 50 ارب روپے میں 2011ء میں 75 ارب روپے اور 2012ء میں 79 ارب روپے میں یہ لائسنس فروخت کرنے کا فیصلہ کیا لیکن اس پر عمل نہ کرسکی۔ مسلم لیگ ن، وزیراعظم نواز شریف اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکومت جو کچھ کہتی ہے، اسے کربھی دکھاتی ہے۔ وزیر مملکت انوشہ رحمن نے کہا کہ یہ نیلامی اللہ کی نگرانی میں ہوئی ہے اور تمام کام شفاف طریقے سے قوم کے مفاد میں ہوا ہے۔