• news

حامد میر پر حملے کا مقدمہ 2 نامعلوم افراد کیخلاف درج جوڈیشل کمشن 28 اپریل سے تحقیقات شروع کریگا

کراچی (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) صحافی حامد میر پر حملے کا مقدمہ ائرپورٹ تھانہ کراچی میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ دو نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔ ایف آئی آر سب انسپکٹر شہادت خان کی مدعیت میں درج ہوئی جس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ حملہ ائرپورٹ سے شہر جاتے ہوئے جناح اوورہیڈ برج کے نیچے کیا گیا۔ فٹ پاتھ پر کھڑے شخص نے کار آتے ہی فائرنگ کی۔ حامد میر کی حالت بیان دینے کے قابل نہیں۔ حملہ آور کا ساتھی اسے موٹر سائیکل پر لے کر حامد میر کی گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے فرار ہوا۔ علاوہ ازیں حامد میر پر حملے سے متعلق سپریم کورٹ کا تین رکنی جوڈیشل کمشن 28 اپریل سے تحقیقاتی کام شروع کرے گا۔ اس سلسلے میں کمشن کراچی میں جائے وقوعہ کا معائنہ،  کرائم سین محفوظ، سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی، سکیورٹی اداروں کے افراد، حامد میر، ان کے سکیورٹی گارڈ، ڈرائیور، عینی شاہدین کے بیانات قلمبندکرے گا۔ ذرائع کے  مطابق جوڈیشل کمیشن تین ہفتے میں اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ وزارت قانون کے توسط  سے وزیراعظم پیش کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن