• news

پیمرا کا جیو نیوز کو شوکاز نوٹس، 6 مئی تک جواب طلب

اسلام آباد (بی بی سی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا اتھارٹی نے وزارت دفاع کی جانب سے جیو نیوز کی نشریات معطل کرنے کی درخواست پر چینل کو اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مئی تک جواب طلب کر لیا ہے۔ پیمرا نے وزارتِ دفاع کی درخواست پر چینل سے وضاحت طلب کی ہے کہ وہ بتائیں کہ کیوں نہ انکی نشریات کو بند کردیا جائے۔ واضح رہے کہ منگل کو وزارت دفاع کی طرف سے پیمرا کو جیو نیوز کیخلاف درخواست میں خبروں اور حالات حاضرہ کے اس نجی ٹی چینل کی نشریات کو فوری طور پر معطل کرنے اور حقائق کا جائزہ لینے کے بعد اس کا لائسنس منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔ پیمرا حکام نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے بدھ کو کئی گھنٹوں درخواست پر غور کے بعد معاملہ پیمرا بورڈ کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ پیمرا کی تین رکنی کمیٹی ممبران پرویز راٹھور، اسرار عباسی اور اسماعیل شاہ پر مشتمل ہے۔ پیمرا کے اہلکار نے بتایا کہ وزارت دفاع کی جانب سے لگائے گئے الزامات سنگین ہیں تاہم کسی بھی کارروائی سے قبل متعلقہ چینل کو وضاحت کا موقع فراہم کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن