عوام کو بہترین خدمت کی فراہمی کے لئے محکموں کو کارکردگی بہتر بنانا ہو گی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے سرکاری محکمو ںکو ہر صورت اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔ سرکاری اداروں میں ایسی اصلاحات لائیں گے جس کا فائدہ براہ راست عام آدمی کو پہنچے۔ نئے عزم اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر ہی صوبے کے عوام کی توقعات کو پورا کیا جاسکتا ہے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ وہ گذشتہ روز پبلک سیکٹر مینجمنٹ ریفارمز سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ 4گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے ا جلاس میں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی بہتری، ترقی اور خوشحالی کے لئے مثالی اور ٹھوس اقدامات کر کے آگے بڑھنے کی ضر ورت ہے۔ سرکاری اداروں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ہر سطح پر خود احتسابی کا نظام وضع کیا جائے گا۔ محکموں کو ٹاسک دے کر ان کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سزا اور جزا کے نظام کو موثر طریقے سے لاگو کرنا ہوگا۔ نظام کی بہتری کے لئے مثبت تبدیلیاں لائیں گے۔ کارکردگی کی بنیاد پر محکموں اور سرکاری افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے کے لئے میکانزم بنایا جائے گاتا کہ عوام خدمت کے جذبے سے سرشار محنتی، ایماندار اور دیانتدار سرکاری افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ ا فزائی کی جا سکے اور ناقص کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں کا حساب ہوسکے۔ عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق نظام کو بہترین سروس ڈلیوری فراہم کرنے کیلئے مثبت تبدیلیاں انتہائی ضروری ہے۔ عوا م کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ،اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ایک انتہائی موثر اور جامع نظام وضع کیا جائے گا۔ سرکاری اداروں میں ای گورننس کے فروغ کے حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور یہ وقت ہے کہ عوام کو بہترین سروس ڈلیوری کا نظام فراہم کیا جائے۔ یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر ایک ٹیم کے طور پر کام کریں اور صوبے کے عوام کی خدمت کر کے ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پرامن معاشرہ تشکیل دیں۔ پنجاب وسائل کی دولت سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وسائل کا موثر استعمال کیا جائے۔ پنجاب حکومت صوبے کے وسائل ایمانداری اور دیانتداری کے سا تھ عوام کی ترقی اور انہیں ریلیف کی فراہمی پر صرف کر رہی ہے۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اورسماجی ترقی کے دیگر شعبوں کی بہتری کے لئے ٹھوس اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ گزشتہ پونے چھ برس کے دوران صوبے بھر میں بڑے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جو شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ترقیاتی منصوبوں کو برق رفتاری سے پایہ تکمیل تک پہنچا رہی ہے۔ صوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور برق رفتاری سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ گزشتہ پونے چھ برس سے دیانتداری سے صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گذشتہ روز سری لنکا کے ہائی کمشنر ائیرچیف مارشل (ر) جایالتھ ویراک کوڈے نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے سری لنکن ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا میں بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات کے ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کی بہتری کیلئے مشترکہ اقدامات کئے جائیں، اس مقصد کیلئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ پاکستان سارک ممالک کے ساتھ اچھے اور مستحکم تعلقات کا خواہاں ہے۔ سری لنکا سارک کا اہم رکن ملک ہے۔ پنجاب میں 2010 اور 2011 کو ڈینگی کے بدترین حملے میں سری لنکا کے ڈاکٹروں اور ماہرین نے انسانی بنیادوں پر ہماری مدد اور رہنمائی کی جس پر پنجاب کے عوام سری لنکا کی حکومت کے ممنون ہیں۔ سارک ممالک کے درمیان روابط بہتر بنانے کیلئے لاہور میں سائوتھ ایشیا لیبر کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر جایا لتھ ویراک کوڈے نے وزیراعلیٰ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاک سری لنکا تعلقات کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے۔ دریں اثناء شہبازشریف سے گذشتہ روز مٹسوبشی کارپوریشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں لائیوسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت لائیوسٹاک او رڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے کو ٹھوس بنیادوں پر ترقی دینے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے سرگودھا میں کولڈ سٹوریج میں آلو کے سٹور کئے ہوئے بیج پر چھاپہ مارنے کا نوٹس لیا اور واقعہ کے حوالے سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے ایک بیان میں بتایا کہ حکومت پنجاب کسان دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے آلو کے سٹور کئے ہوئے بیج پر چھاپہ مارنے کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی۔ واقعہ میں ملوث حکام کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔