• news

گندم کی سبسڈی میں کمی: عوامی احتجاج پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان تبدیل‘ جتوئی سے تنازعہ پر وفاقی سیکرٹری شفقت نغمی اویس ڈی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں کی منظوری دیدی ہے۔ اعلیٰ بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔ کئی سیکرٹریوں کا تقرر اور متعدد کے تبادلے کردیئے گئے ہیں۔ آفتاب چیمہ کو آئی جی اسلام آباد مقرر کرنے کی منظوری دی گئی، 18افسروں کی گریڈ 21 میں ترقی کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر اعظم سے وزیر داخلہ چودھری نثارکی ملاقات میں آفتاب چیمہ کو آئی جی اسلام آباد بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وہ اس وقت پنجاب میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے 5 نئے وفاقی سیکرٹریوں کی تقرری کی منظوری دی۔ ندیم حسن آصف کو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، یونس ڈھاگا کو سیکرٹری ہاؤسنگ، رخسانہ سلیم کو سیکرٹری وزارت ماحولیاتی تبدیلی، راجہ حسن عباس کو سیکرٹری صنعت، شاہد رشید کو سیکرٹری شماریات ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ان لینڈ ریونیو سروس کے 11 اور فارن سروسز گروپ کے 7 افسروں کی گریڈ اکیس میں ترقی کی منظوری دی۔ افتخار عزیز، دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم ، افراسیاب مہدی ہاشمی ، سہیل محمود ، خالد عثمان قیصر، ایاز حسین، فاروق عامل ندیم ریاض کو گریڈ اکیس میں ترقی کی منظوری دی گئی ہے چار افسروں کی ترقی کا کیس سنٹرل سلیکشن بورڈ کو واپس بھجوا دیا گیا۔ ان لینڈ ریونیو سروس کے دس افسروں سردار منور زمان ، سیما مجید ، غلام کاظم حسین، سجاد حیدر خان، محمد ارشاد ندیم، وقار احمد، لبنیٰ فرخ ، اکرام غنی، طارق پاشا اور تسنیم رحمان کی گریڈ اکیس میں ترقی کی منظوری دی گئی، رحمت اللہ خان وزیر، وشنو الیاس، راجہ قوی شیراز، مرزا سلیم رضا ، آصف اعجاز اور اسد رسول کے کیسز سنٹرل سلیکشن بورڈ کو واپس بھیج دیئے گئے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں گندم کی سبسڈی میں کمی اور بعض دیگر ایشوز پر ہونے والے شدید عوامی احتجاج پر چیف سیکرٹری گلگت بلتستان یونس ڈھاگا کو تبدیل کردیا، سکندر سلطان راجہ کو چیف سیکرٹری گلگت بلتستان تعینات کر دیا ہے۔ اس سے پہلے وہ ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن تھے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری یونس ڈھاگا کو خاص طور پر صوبائی وزیراعلیٰ کی ان شکایات پر کہ وہ صوبائی حکومت سے تعاون نہیں کرتے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں کی وجہ سے تبدیل کیا گیا۔ چیف سیکرٹری کے احکامات پر محکمہ تعلیم سمیت دیگر محکموں میں ہزاروں غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا جس پر مخصوص لابی ان کے خلاف سرگرم عمل تھی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ سکندر سلطان راجہ کی بطور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان تعیناتی کا آئندہ چوبیس گھنٹوں میں نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی سے تنازعہ وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار شفقت حسین نغمی کو لے ڈوبا، وفاقی حکومت نے انہیں او ایس ڈی بنا کر گریڈ 22 کے راجہ حسن عباس کو سیکرٹری صنعت و پیداوار مقرر کیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذرائع کے مطابق شفقت حسین نغمی کو فوری طور پر عہدے کا چارج چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے، شفقت نغمی اور وزیر پیداوار کے درمیان کئی ماہ سے سخت اختلافات چل رہے تھے جس کی وجہ سے وفاقی وزیر نے مستعفی ہونے کی دھمکی بھی دے دی تھی وفاقی سیکرٹری کو اب وفاقی وزیر کے مطالبہ پر تبدیل کیا گیا ہے۔ راجہ حسن عباس کو سیکرٹری صنعت، رخسانہ سلیم کو سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی بنایا گیا ہے۔ شاہد رشید کو جو سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ تھے، سیکرٹری شماریات ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کے گریڈ 20 کے سینئر ترین افسر سید مصطفین کاظمی کو سی ڈی اے بورڈ میں ممبر انوائرنمنٹ تعینات کردیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ CDA نے چیئرمین معروف افضل کی منظوری کے بعد سید مصطفین کاظمی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن