لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے 28 اپریل سے احتجاجی کیمپ لگائیں گے: آمنہ مسعود
اسلام آباد (رستم اعجاز ستی) ڈیفنس آف ہیومن رائٹس (ڈی ایچ آر) کی چیئرپرسن آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا ہے کہ لاپتہ مسعود جنجوعہ کیس میں اہم گواہ ڈاکٹر عمران منیر پر وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے پر اقوام متحدہ کی طرف سے کوئی پابندی نہیں، ڈاکٹر عمران سپریم کورٹ میں وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے پر رضا مند ہیں، ایس پی ہارون جوئیہ کا بیان حقائق کے منافی ہے، انصاف کی فراہمی تک سپریم کورٹ کا دامن نہیں چھوڑیں گے، انصاف کی فراہمی کے عمل میں اگر عدلیہ پر مشکل وقت آیا تو ماضی کی طرح لاپتہ افراد کے ورثاء عدالتوں کی پشت پر ہوں گے۔ عدالت سے انصاف نہ ملا تو تادم مرگ بھوک ہڑتال کریں گے، ملکی سلامتی کے اداروں کی عزت کرتے ہیں۔ حکومت اور ملٹری کے درمیان تناؤ کی زد میں لاپتہ افراد کا کیس آ رہا ہے اور ہماری کسی کو پرواہ نہیں، نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ ڈاکٹر عمران منیر کی ای میل ریکارڈ کا حصہ بن چکی ہے۔ آمنہ مسعود نے کہا کہ عدالت کے13مارچ کے حکم پر من و عن عملدرآمد ہونا چاہئے، ہماری جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی کیلئے رہی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ اداروں میں تصادم ہو لیکن عدالتوں کا کام صرف انصاف کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایسا وقت ہے جس میں فوج اپنے وقار میں اضافہ کر سکتی ہے، لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کرنے سے مثبت نتائج نکلیں گے۔ اگر لوگوں پر ظلم ہوگا تو وہ ضرور چیخیں گے۔ لاپتہ افراد کے ورثاء اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے 28اپریل سے احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔