سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کا کرپشن مقدمات میں ٹرائل کیا جائے، ہائیکورٹ کا حکم
ڈھاکہ (اے ایف پی+ آئی این پی) بنگلہ دیش کی ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی کرپشن کیسز کے خلاف دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے اینٹی کرپشن کورٹ کو حکم دیا ہے کہ ان کا ٹرائل کیا جائے۔ ہائیکورٹ نے کرپشن کے 2 مختلف مقدمات میں دو مرتبہ ملک کی وزیراعظم رہنے والی اور بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کی درخواست مسترد کر دی۔ خالدہ ضیا نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے خلاف کرپشن کے بنائے گئے مقدمات سیاسی ہیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل محمد سلیم کے مطابق سابق وزیراعظم کیخلاف کرپشن ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں، الزام درست ثابت ہونے پر عمرقید ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب خالدہ ضیا کے وکلا نے کہا ہے کہ حکومت سابق وزیراعظم کو جیل بھیجنے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے جبکہ خالدہ ضیا پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد اور سیاسی ہیں جس کا مقصد ان کی پارٹی کو نقصان پہنچانا ہے، وکلا کا مزید کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم خالدہ ضیا پر 2 مختلف مقدمات میں 6 لاکھ 50 ہزار ڈالر خورد برد کا الزام ہے جس کے خلاف انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔