کوئٹہ کچہری میں وکلا‘ پولیس تصادم‘ 3 زخمی‘ بلوچستان میں آج عدالتی بائیکاٹ کا اعلان
کوئٹہ (آئی این پی) کوئٹہ میں وکلاء اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں 2 پولیس اہلکار اور ایک وکیل زخمی ہو گیا، وکلاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے آج صوبہ بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو کوئٹہ کچہری میں وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے درمیان معمولی بات پر ہاتھاپائی ہوئی جس کے نتیجے میں ایک وکیل قاسم اچکزئی زخمی ہوگیا، واقعہ کے فوراً بعد دیگر وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے منان چوک پر دھرنا دیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی اس دوران وکلاء اور پولیس کے درمیان دوبارہ ہاتھاپائی ہوئی جو شدید جھڑپ میں تبدیل ہوگئی اور مشتعل وکلاء نے 2 پولیس اہلکاروں کو زخمی جبکہ ایک گاڑی کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے مشتعل وکلاء کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی۔ واقعہ کے بعد شہر میں ٹریفک جام ہوگیا۔ وکلاء اور پولیس کے درمیان جھڑپ کا سلسلہ کئی گھنٹے تک جاری رہا بعد میں وکلاء نے ضلع کچہری میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ واقعہ کے خلاف کوئٹہ سمیت صوبہ بھر میں عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد ہائی کورٹ پہنچ گئے اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ واقعہ کا ازخود نوٹس لیں۔ دریں اثناء پولیس کے ایک اہلکار نے آئی این پی کو بتایا کہ جھڑپ کی اصل وجہ قاسم اچکزئی نامی وکیل کا غلط رویہ تھا۔ جو آئوٹ گیٹ سے کچہری کے اندر داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا پولیس کے منع کرنے پر وہ طیش میں آ گیا۔ دوسری جانب واقعہ کے بعد سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور وکلاء سے مذاکرات کئے اور حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔