27 رمضان کو یوم پاکستان منانے کا کیس، ہائیکورٹ میں وزیر اعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کرنے کے خلاف پٹیشن پر فیصلہ محفوظ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم پاکستان کی طرف سے 27 رمضان المبارک کو یوم پاکستان منانے سے متعلق فیصلہ نہ کرنے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کو مسترد کرنے کے خلاف پٹیشن پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ فاضل عدالت نے وزیراعظم کو 27 رمضان المبارک کو یوم پاکستان منانے سے متعلق فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم نے کوئی فیصلہ کیا نہ ہی درخواست گزار سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی مگر رجسٹرار آفس نے یہ اعتراض لگا کر واپس کر دی کہ آئین کے آرٹیکل 248 کے تحت وزیراعظم کو اس درخواست میں فریق نہیں بنایا جا سکتا۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔