حکومت ملازمین سے کام لیتی ہے مگر تنخواہیں دینے میں تکلیف ہوتی ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے ایک کیس کی سماعت کے میں ریمارکس دیئے ہیں کہ ملازمین اداروں میں کام کرتے ہیں، حکومت ان سے کام لیتی ہے مگر تنخواہیں دینے میں تکلیف ہوتی ہے۔ پی آئی ڈی کے سات گزیٹڈ ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنے پر سیکرٹری وزارت اطلاعات، پی آئی او اور ڈی جی الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز کیخلاف دائر توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار امجد وغیرہ جو کہ وزارت اطلاعات کے ملازمین ہیں حکومت نے ان کو چھ ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی روک رکھی ہے۔ عدالت نے مذکورہ تینوں افسران کو توہین عدالت کیس میں ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ہے۔