• news

حکومت سنجیدہ اور بااختیار ہو تو مذاکرات کو تیار ہیں : خیبر ایجنسی میں بمباری قابل مذمت ہے : شاہد اللہ شاہد

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ حکومت بااختیار اور سنجیدہ ہو تو اب بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن سیزفائر کے دوران حکومت نے ہمارا کوئی مطالبہ نہیں مانا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر ایجنسی میں ہمارے ساتھیوں پر حملہ افسوسناک ہے۔ تحریک طالبان اس طرح کے حملوں کی مذمت کرتی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان کالعدم تحریک طالبان نے کہا کہ خیبرایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ان کے ساتھیوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں کئی ساتھی مارے گئے۔ حکومت نے جنگ بندی کے دوران کوئی مطالبہ پورا نہیں کیا۔ واضح رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان کے درمیان جنگی بندی کی ڈیڈ لائن 10 اپریل کو ختم ہوگئی تھی جس کے بعد حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کی جانب سے سیز فائر کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں تاہم اس دوران ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں ایک بار پھر شروع کردی گئیں جس کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔اے ایف پی کے مطابق طالبان ترجمان نے خیبر ایجنسی میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش اور بے چینی کا اظہار کیا تاہم یہ نہیں کہا کہ اس بمباری سے مذاکراتی عمل پٹڑی سے اتر جائیگا۔ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد یہ پہلی بمباری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن