مانگٹانوالہ: پیٹی بند بھائیوں کے موٹر سائیکل چوری کرنے والا کانسٹیبل گرفتار، نوکری سے برخاست
مانگٹانوالہ+ ننکانہ صاحب+ سانگلہ ہل (نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) اپنے ہی پیٹی بند بھائیوں کی موٹر سائیکلیں چوری کرنے والے کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا اور اسکے قبضے سے 3 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔ ڈی پی او ننکانہ صاحب نے کانسٹیبل عبدالحمید کو نوکری سے برخاست کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے مختلف اوقات میں مختلف تھانوں سے پولیس ملازمین کے پرایئویٹ موٹر سائیکل چوری ہو رہے تھے۔ تھانہ مانگٹانوالہ کے کانسٹیبل عمران، کچہری گارد ننکانہ میں تعینات کانسٹیبل محمد افضل اور پولیس لائن میں تعینات مظہر رفیق کے موٹر سائیکل چوری ہوئے تو مظہر رفیق کی درخواست پر تھانہ سٹی شاہکوٹ میں تعینات کانسٹیبل عبدالمجید کو شک کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تو اس نے 3عدد موٹر سائیکل چوری کرنے کا اعتراف کر لیا۔ ملزم پولیس اہلکاروں سے کام کی غرض سے موٹر سائیکل لیتا اور اس کی ڈبلیکیٹ چابی بنوا کر موقع ملنے پر چوری کر کے لے جاتا۔ ملزم عبدالمجید کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔