• news

پسرور: 67 سال بعد اپنوں سے ملنے والا کشمیری مہاجر دل کے دورے سے جاں بحق

پسرور (نامہ نگار) 67سال مسلسل انتظار کے بعد رشتہ داروں کو ملنے کا پرمٹ ملا تو کشمیری مہاجر خوشی برداشت نہ کر سکا، دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ واقعات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر کے گائوں چک سواری کے رہائشی 90سال کا کشمیری مہاجر فقیر محمد عرف فقرو 1948میں مقبوضہ کشمیر کے گائوں مینڈھر سے ہجرت کر کے آزاد کشمیر آ گیا تھا جبکہ اس کا بھائی سید محمد وہیں رہ گیا تھا۔ اسے 21اپریل 2014 کو مقبوضہ کشمیر جانے کے لئے پرمٹ نمبر P50285جاری کیا گیا۔ ضعیف العمر فقرو اپنے بیٹے محمد شہزاد کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر کے گائوں موضع کسبلاڑی مینڈھر پہنچ گیا جہاں اس کے بھتیجے محمد حنیف ولد سید محمد نے اپنی فیملی کے ساتھ گرم جوشی سے ان کا استقبال کیا۔ فقرو کا کمزور دل اتنی بڑی خوشی برداشت نہ کر سکا اسے سینے میں درد شروع ہو گیا جس پر اسے مینڈھر کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی جان نہ بچائی جا سکی جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کے ضلع پونچھ کی انتظامیہ نے اس کا جسد خاکی براستہ چکاں دا باغ پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا۔ متوفی کو موضع چک سواری میں دوسری بار نماز جنازہ پڑھ کر سپرد خاک کر دیا گیا۔ صدر مہاجرین جموں وکشمیر ضلع سیالکوٹ چودھری رشید احمد نے فقرو کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن