مک میں تبدیلی سے پہلے تحریک انصاف میں تبدیلی ضروری، عمران فوری پارٹی انتخابات کرائیں: ناراض ارکان
اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے ناراض بانی ارکان گروپ نے پارٹی کی اصلاح کےلئے 7 نکاتی ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا ہے ملک و معاشرہ میں تبدیلی سے پہلے تحریک انصاف میں تبدیلی کی ضرورت ہے، پارٹی پر مفاد پرست سیاستدانوں نے قبضہ کر رکھا ہے، عمران خان بدعنوان سیاست دانوں کے ہاتھوں مکمل طور پر یرغمال ہوکر اپنے بنیادی اصولوں اور اقدار سے منحرف ہوچکے ہیں۔ پارٹی کے تاسیس پر ناراض اور بانی ارکان کی اکبر ایس بابر کی زیر صدارت پہلی قومی کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ جس میں درجنوں کارکنوں نے شرکت کی۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا پارٹی عطیات‘ چندوں اور مالی معاملات پر ہونے والی آڈٹ رپورٹس کو عام کریں۔ تسنیم نورانی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر پارٹی کا آزاد الیکشن کمیشن تشکیل دے کر ایک ماہ میں انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کرائیں جو عہدیدار کرپشن میں ملوث ہیں ان کی رکنیت معطل کرتے ہوئے احتساب کریں۔ انہوں نے کہا عمران خان قومی کانفرنس کے اعلامیہ پر عمل کرتے ہوئے اقدامات کریں بصورت دیگر پارٹی کو (ق) لیگ بنتے دیر نہیں لگے گی۔