• news

’’طالبان نے نہیں ایک اور گروہ نے مجھے اغوا کیا‘‘ علی حیدر گیلانی کا ویڈیو پیغام

اسلام آباد (نیٹ نیوز ) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی کا ویڈیو پیغام حکومت کو موصول ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ شدت پسند گروپ نے علی حیدر گیلانی کو زنجیروں میں جکڑ رکھا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر میری رہائی کے لئے ایک ماہ میں تاوان ادا نہ کیا گیا تو مجھے قتل کر دیا جائے گا، ابتدا میں اغوا کاروں کی طرف سے حیدر گیلانی کی رہائی کے لئے 2ارب روپے کا تاوان مانگا گیا تھا اب وہ 50کروڑ روپے پر آ گئے ہیں۔ علی حیدر گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا انہیں طالبان نے اغوا نہیں کیا جس شدت پسند گروپ نے ان کو گرفتار کر رکھا ہے وہ تحریک طالبان کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔ حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے اہلخانہ انہیں رہا کرانے میں سنجیدہ نہیں اس لئے تاوان ادا نہیں کر رہے۔ انہوں نے اپنے اہلخانہ سے اپیل کی کہ اگر ایک ماہ کے اندر تاوان نہ دیا گیا تو مجھے قتل کر دیا جائے گا۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ علی حیدر گیلانی کی ویڈیو حکومت کو نہیں بجھوائی گئی، ویڈیو کی تفصیلات کو وزارت داخلہ سے منسوب کرنا مناسب نہیں، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو کی بلاجواز تشہیر نہ کی جائے۔ دریں اثناء علی حیدر گیلانی کے ویڈیو پیغام کی تفصیل ان کے خاندان تک بھی پہنچا دی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم کے بیٹے کو ایک سال قبل ملتان سے اغوا کیا گیا تھا۔ دوسری طرف نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ میں نے خود علی حیدر گیلانی کی ویڈیو دیکھی ہے اور اغوا کار ان کی رہائی کیلئے اب 50 کروڑ روپے مانگ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن