یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء خوردونوش مہنگی، رمضان پیکیج ناکام ہوجائیگا
اسلام آباد (عترت جعفری) یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں کھانے پینے کی بے شمار اشیاء مارکیٹ ریٹ سے 2روپے سے25روپے تک مہنگی فروخت کی جارہی ہیں۔ اس کی وجہ ایم ڈی کی یہ منطق بتائی گئی ہے جب عوام دکانوں سے یہ چیزیں خرید سکتے ہیں تو یوٹیلیٹی سٹورز سے بھی خریدنی چاہئیں۔ مارکیٹ سروے اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور مارکیٹ کے ریٹ کے مطابق مختلف برانڈز کے کھانے کے تیل اور گھی کے نرخ جو کارپوریشن میں رائج ہے انکے مطابق ڈالڈا گھی5کلو 991 روپے ڈبہ ہے جبکہ مارکیٹ ریٹ 971 روپے ہے۔ ڈالڈا ایک کلو گھی 187روپے جبکہ مارکیٹ ریٹ 185 روپے‘ ڈالڈا آئل 5لیٹر 1010روپے جبکہ مارکیٹ 1000 روپے ہے۔ سرخ لوبیا 120روپے کلو مارکیٹ ریٹ 106روپے کلو‘ دال چنا 77روپے کلو مارکیٹ ریٹ 60 روپے کلو‘ دال مسور 119روپے کلو مارکیٹ ریٹ 101روپے کلو‘ دال مونگ 150 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔ مارکیٹ ریٹ 145روپے ہے۔ دال مسور ثابت 98روپے کلو‘ مارکیٹ ریٹ 95روپے کلو ہے۔سفید چنا 110روپے کلو جبکہ مارکیٹ ریٹ 86روپے کلو ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر 20کلو فائن آٹے کا ریٹ 840 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں یہ تھیلا 785 روپے 810روپے میں دستیاب ہے۔ حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کو 2بلین روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کے موجودہ نرخوں کو دیکھا جائے تو بنیادی اشیاء پر عوام کو کوئی ریلیف دینا ممکن نہیں۔وفاقی وزیر خزانہ کا رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کا منصوبہ کارپوریشن کے پہلے سے زیادہ نرخوں کی وجہ سے ناکام ہو جائیگا۔ ذرائع نے بتایا ہے ایم ڈی یو ایس سی جنہیں ڈی جی پاسپورٹ بنائے جانے کا امکان ہے تسلسل سے یو ایس سی کے ریٹ پر نظرثانی کراتے رہتے ہیں۔