• news

بھارت: ’’پاکستان‘‘ نام کے 21 ووٹروں نے حق رائے دہی استعمال کیا بڑی تعداد میں لسٹوں سے نام غائب

نئی دہلی (آئی این پی) بھارت کی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات میں 21 ایسے شہریوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا جن کا نام ’’پاکستان‘‘ ہے۔ پاکستان نامی بھارتی شہریوں میں سب سے بڑے پاکستان کی عمر 78 برس ہے اور ان کا تعلق ریاست مہاراشٹر کے علاقے اترپردیش سے ہے۔ 78 سالہ پاکستانی کے والد کا نام عبدالرشید ہے جبکہ انتخابات میں سب سے کم عمر پاکستانی 25سال کا ہے، جس کے والد کا نام جے شنکر اور تعلق بہار سے ہے۔ بھارتی انتخابات میں پاکستانی نامی ووٹ ڈالنے والے شہریوں میں سے 5 پاکستانیوں کا تعلق بھارتی ریاست اڑیسہ سے چار کا تعلق اترپردیش سے ہے جبکہ راجستھان ،جھاڑکنڈ اور بہار سے بھی دو دو پاکستانیوں نے عام انتخابات میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ دریں اثناء بھارتی الیکشن کمیشن نے مہاراشٹر میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے نام ووٹر لسٹوں سے غائب ہونے پر معافی مانگی لی۔ ممبئی میں گزشتہ روز ہونے والی ووٹنگ میں گذشتہ سال کے مقابلے میں  10 فیصد زیادہ پولنگ کے باوجود تقریباً 15 فیصد لوگ ووٹ کے حق سے محروم رہے۔بی جے پی کا الزام ہے کہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ لوگوں کے نام ووٹر لسٹوں سے غائب تھے۔ اسطرح تقریباً 15 فیصد لوگ ووٹ نہیں ڈال سکے تاہم اس بار ممبئی میں 10 فیصد زیادہ پولنگ ہوئی۔کئی نامور شخصیات کے نام بھی فہرست سے غائب تھے، جن میں سینئر وکیل رام جیٹھ ملانی، ایچ ڈی ایف سی بینک کے چیئرمین دیپک پرکھ، ممبئی سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین آشیش کمار چوہان، اداکار اتل کلکرنی، وندنا گپتے اور سوپنیل جوشی وغیرہ شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن