• news

5 مئی سے آلو کی برآمد پر ڈیوٹی عائد، درآمد پر ختم، سٹیل ملز کے لئے18.5 ارب روپے منظور، ای سی سی نے یوٹیلٹی سٹورز کے لئے چینی پر سبسڈی بھی ختم کردی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ ای سی سی نے 18.5 ارب روپے کی لاگت سے پاکستان سٹیل مل کی ری سٹرکچرنگ کے منصوبہ کے منظوری دے دی۔ منصوبے کے تحت پاکستان سٹیل مل کی استعداد کو جون 2015ء تک 77 فیصد تک بڑھایا جائے گا۔ سٹیل مل کی انتظامیہ نے ای سی سی کو یقین دلایا اس پلان کے نفاذ سے پاکستان سٹیل مل اپنے تمام واجبات ادا کرنے کے قابل ہو جائے گی اور اپنی 77 فیصد پیداواری استعداد کے ساتھ جنوری 2015ء کے بعد 38 ملین روپے ماہانہ منافع بھی کما سکتی ہے۔ ای سی سی نے وزارت نیشنل فوڈز سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی مارکیٹ میں آلو کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ سے متعلق پیش کی سمری کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے باعث آلو کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، آلو کی متناسب قیمت 30 روپے فی کلو گرام تک ہونی چاہئے۔ وزیر خزانہ نے کہا وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے وہ صارفین کے حقوق کا تحفظ کریں اور ضروری اشیا کی قیمتیں قابو میں رکھیں۔ انہوں نے کہا ذخیرہ اندوزوں کو آلو مارکیٹ میں لانے کے لئے تین دن کا وقت دیا تھا لیکن اب لگتا ہے قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لئے حکومت کو ہی مناسب اقدامات کرنا پڑیں گے۔ ای سی سی نے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سکندر حیات بوسن کی سفارش پر آلو کی برآمد پر 25 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا جو 5 مئی 2014ء سے نافذ العمل ہوگا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا 5 مئی سے 31 جولائی 2014ء تک آلو کی درآمد پر ڈیوٹی اور لیوی ختم کر دی جائے گی۔ ان اقدامات سے ماہ رمضان کے دوران اور اس سے قبل مارکیٹ میں آلو کی قیمت متناسب سطح پر لانے میں مدد ملے گی۔ ای سی سی نے فاٹا اور خیبر پی کے کے بے گھر لوگوں کے لئے 26 ہزار میٹرک ٹن گندم ڈبلیو ایف پی کو عطیہ کرنے کی سمری بھی منظور کرلی۔ یہ گندم حکومت پاکستان کی جانب سے ورلڈ فوڈ پروگرام کے ذریعے نقل مکانی کرنے والے لوگوں میں تقسیم کی جائے گی۔ ای سی سی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو ٹریڈنگ کارپوریشن کی مداخلت کے بغیر مقامی شوگر ملز سے براہ راست چینی خریدنے کی بھی اجازت دے دی۔ اس مقصد کے لئے وزارت خزانہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو کریڈٹ لائن سپورٹ فراہم کرے گی۔ اجلاس میں ٹریڈنگ کارپوریشن کو ہدایت کی گئی 50 ہزار ٹن کے ذخائر برقرار رکھے اور اضافی سٹاک یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو سپلائی کیا جائے۔ مزید براں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے سی ای اوز نے وزارت خزانہ میں ملاقات کی اور وفاقی وزیر خزانہ کو تھری جی اور فور جی کی شفاف نیلامی کیلئے کئے گئے اقدامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اقتطادی رابطہ کمیٹی نے چینی پر دی جانے والی سبسڈی ختم کر دی۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو سالانہ 1.5 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی تھی۔ یوٹیلٹی سٹورز کو رمضان کے بعد براہ راست چینی کی خریداری کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹی سی پی یوٹیلٹی سٹورز کو چینی کی فراہمی کا پابند نہیں ہو گا۔ وزیر خزانہ نے آلو کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ اور ناجائز منافع، ذخیرہ اندوزی پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے رمضان المبارک سے قبل سخت انتظامی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر خزانہ نے کہا اضافی فصل کے باوجود آلو 56روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ آلو کی اصل قیمت 30سے 35روپے فی کلو ہے۔ وزیر خزانہ کو بریفنگ میں کہا گیا رمضان المبارک میں آلو کی قیمت 100روپے کلو تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ سٹیل ملز کی تنظیم نو کے تحت سٹیل ملز کو تین اقساط میں ساڑھے اٹھارہ ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ ساڑھے بارہ ارب روپے کی پہلی قسط فوری طور پر جاری کی جائے گی جس سے سٹیل ملز کیلئے خام مال خریدا جا سکے گا۔ تین ارب روپے کی دوسری قسط ستمبر جبکہ تیسری قسط دسمبر میں دی جائے گی۔ جون تک سٹیل ملز منافع بخش ادارے میں تبدیل ہو جائے گی جس کے بعد اس کی نجکاری کا عمل بھی شروع کیا جا سکے گا۔ سٹیل ملز کو پانچ سال کے دوران چار بیل آئوٹ پیکیجز کے ذریعے 41ارب روپے سے زیادہ کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ آئی این پی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر آئل کمپنیوں اور ڈیلروں کے کمیشن میں اضافے کی سمری منظور نہ ہو سکی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کا ایجنڈا کابینہ سیکرٹریٹ نے اجلاس سے صرف 6گھنٹے پہلے جاری کیا۔ قواعد کے تحت ای سی سی اجلاس کا ایجنڈا متعلقہ وزارتوں کو چوبیس گھنٹے قبل بھجوانا ضروری ہے۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق عالمی بنک اور وزارت خزانہ کے زیر اہتمام ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا دیرپا مالیاتی استحکام ٹھوس مالی اور مالیاتی انتظام کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا نئے این ایف سی ایوارڈ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن