• news

ایشیئن سنوکر چیمپئن شپ آج سے شروع‘ اچھی کارکردگی دکھائیں گے: محمد آصف

کراچی+شارجہ(سپورٹس ڈیسک )ایشین سنوکر چیمپئن شپ آج سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگی ۔ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان کی 3 رکنی ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچ گئی۔ ال فجیرہ میں شروع ہونے والی ایشین سنوکر چیمپیئن شپ کیلئے پاکستان کی تین رکنی ٹیم کراچی سے متحدہ عرب امارات روانہ ہوئی۔ سابق عالمی چیمپئن محمد آصف، حمزہ اکبر اور اسجد اقبال ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ روانگی کے وقت ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق عالمی چیمپئن محمد آصف نے کہا کہ اگر کھلاڑی اپنے پوٹینشل کے مطابق کھیلے توپاکستان ایشین چیمپئن بن سکتا ہے۔ ایونٹ کیلئے بھرپور تیاری کی ہے ۔ تربیتی کیمپ میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے تاہم کوچ کے نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی ہوئی۔ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرینگے۔تمام کھلاڑی پر عزم ہیں اور قوم دعا کرے کہ چیمپئن بن کر وطن واپس لوٹیں ۔ تین مئی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں محمد آصف گروپ ایف میں متحدہ عرب امارات، شام اور منگولیا کے کیوئیسٹس سے دو دو ہاتھ کریں گے۔ حمزہ اکبر گروپ ایچ اور اسجد اقبال گروپ پی میں شامل ہیں۔  شارجہ میںاسجد اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستانی کیوئیسٹس میں پوٹینشل موجود ہے۔ ایشین ٹائٹل جیتنے کیلئے بھرپورفائٹ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن