صوابی: گاڑی پر فائرنگ‘ ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق‘ 8 زخمی
مردان (نیٹ نیوز) خیبر پی کے کے ضلع صوابی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے گاڑی سوار ایک خاندان کے 7 افراد جاں بحق 8 شدید زخمی ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق عدنان کو اس کے رشتہ دار سعودی عرب روانگی کیلئے پشاور ائر پورٹ چھوڑنے جا رہے تھے کہ گھر سے کچھ فاصلے پر یار حسین کے علاقے میں نامعلوم افراد نے اندھا دھند کار پر گولیاں برسا دیں جس سے اس میں سوار عدنان اس کا والد بہن اور 4 دیگر رشتہ دار جاں بحق 8 شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر صوابی اور پشاور کے ہسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا۔ علاقے کے لوگوں نے واقعہ کیخلاف مردان صوابی روڈ پر مقتولین کی نعشیں رکھ کر احتجاج کیا اور ٹریفک بلاک کر دیا۔ انہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس حکام کے مطابق مقتول خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی یا لین دین کا تنازع نہیں تھا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ بی بی سی کے مطابق صوابی میں یار حسین کا علاقہ حساس سمجھا جاتا ہے جہاں دہشت گردی کے پہلے بھی واقعات ہو چکے ہیں۔