کراچی پولیس کا کارنامہ، 9 بچے ہنگامہ کیس میں گرفتار، عدالت میں پیش
کراچی (این این آئی) کراچی پولیس کا ایک اور کارنامہ، 6 ماہ سے 6 سال تک بچوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا۔ عدالت کا اظہار برہمی پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ گلشن معمار پولیس نے کار سرکار میں مداخلت جان سے مارنے کی دھمکی اور ہنگامہ آرائی زمین پر قبضہ اور بلوہ کے مقدمہ میں 21 افراد کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی سہیل احمد مشوری کی عدالت میں پیش کیا۔ ان ملزموں میں 6 ماہ کی بچی سے لیکر 7 سال تک کے 9 بچے شامل تھے جبکہ 7 سالہ امیر بخش نے اپنے اوپر ہونیوالے تشدد کے بارے میں بھی عدالت کو بتایا۔ عدالت نے ملزموں میں بچوں کی حالت دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تفتیشی افسر اور ایس ایچ او گلشن معمار کے خلاف اس حرکت پر کارروائی کی جائے جبکہ امیر بخش کا میڈیکل چیک اپ کراکے رپورٹ عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ عدالت نے تمام گرفتار شدگان کو رہا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔