• news

2013ء میں 261 امریکی فوجیوں نے خود کشی کی کوشش کی، 48کو بچا لیا گیا: پینٹاگون

واشنگٹن(این این آئی+ اے پی اے) امریکی محکمہ دفاع نے کہاہے کہ گزشتہ سال جنگ سے پریشان 261 حاضرسروس فوجیوں نے خودکشی کی کوشش کی اور خود کشی کی کوشش کرنے والوں میں سے 213 چل بسے۔ غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے واشنگٹن میں پینٹاگون سے جاری بیان میں کہا کہ مسلسل جنگ کے باعث امریکی فوجی تنگ آ گئے ہیں اور چھٹی نہ ملنے پر خودکشی کر رہے ہیں۔ حکام نے کہا کہ 2013ء میں تقریباً 261 فوجیوں نے خودکشی کی کوشش کی جس میں سے محض 48 فوجیوں کو بچایا جاسکا۔ جنگ سے بھاگنے کیلئے امریکی فوجی ساتھیوں اور افسروں پر حملے کررہے ہیں۔  امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق 2012ء میں 318 امریکی فوجیوں نے خود کشی کی تھی۔ اس طرح خود کشی رجحان میں 18فیصد کمی دیکھی گئی۔ 2013ء میں امریکی فوج میں مجموعی طور پر خود کشی کے واقعات میں 5 فیصد اضافہ ہوا لیکن اصل امریکی فوج میں خود کشی کا رجحان کم رہا۔ رجحان میں اضافے کے سبب نیم فوجی اداروں کے اہلکاروں کی خود کشیاں ہیں۔ خود کشیوں کے معاملے سے نمٹنے کیلئے پینٹاگون نے 9 ہزار ماہر نفسیات بھرتی کر رکھے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن